دپیکا کی زندگی کا سب سے بڑا راز ’کافی ودکرن’ میں سامنے آگیا
coffee with karan alia bhatt dipika

بھارتی نامور شو کافی ود کرن کے سیزن 6 کی پہلی قسط 21 اکتوبر کو نشر ہوئی، جس میں بولی وڈ اداکارائیں دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ ایک ساتھ مہمان بن کر شریک ہوئیں۔

اس شو پر میزبان کرن جوہر نے دونوں اداکاراؤں سے ان کے کام کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی سوالات کیے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز اس شو کی پہلی قسط نشر ہونے کے ساتھ ساتھ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی تاریخ کا بھی اعلان کردیا۔اس شو پر کرن جوہر نے دپیکا پڈوکون سے رنویر سنگھ کے ساتھ ان کے رشتے کے حوالے سے کئی سوالات کیے۔اس دوران دپیکا پڈوکون کی زندگی کا وہ راز سامنے آگیا جو اب تک کسی کو معلوم نہیں تھا۔واضح رہے کہ دپیکا اور رنویر کے ایک ساتھ ہونے کی خبریں تو طویل عرصے سے سامنے آتی رہیں، لیکن کوئی نہیں جانتا تھا کہ یہ دونوں کب سے ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔اس شو پر جب دپیکا پڈوکون سے کرن جوہر نے سوال کیا کہ وہ اور رنویر کب سے ایک ساتھ ہیں تو اداکارہ نے بتایا کہ ان کے افیئر کو 6 سال مکمل ہوچکے ہیں۔یاد رہے کہ بولی وڈ میں اپنے کیریئر کے آغاز کے موقع پر دپیکا پڈوکون اور رنبیر کپور کے افیئر کی خوب چرچا رہی۔تاہم 2009 میں کترینہ کیف کی وجہ سے ان دونوں کا بریک اپ ہوگیا۔بعدازاں دپیکا پڈوکون کی زندگی میں رنویر سنگھ فلم ’رام لیلا‘ کے ساتھ 2013 میں آئے، جس کے بعد سے یہ دونوں اب تک ساتھ ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس شو پر دپیکا کے ہمراہ موجود عالیہ بھٹ رنبیر کپور کو پسند کرتی ہیں اور عالیہ اور رنبیر بھی میڈیا کے سامنے اپنے رشتے کو قبول کرچکے ہیں۔اس کے باوجود دپیکا اور عالیہ دونوں کا یہی کہنا تھا کہ ماضی میں جو ہوا اب انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور یہ سب اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں۔اس شو کے آخر میں دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ نے کامیاب بولی وڈ گانوں پر گلوکاری بھی کی۔یاد رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی رواں سال 14 اور 15 نومبر کو ہونے جارہی ہے۔ان کی شادی میں صرف قریبی دوست اور خاندان کے افراد شرکت کریں گے، جبکہ بعدازاں یہ دونوں اپنی انڈسٹری کے ساتھیوں کے لیے ایک تقریب منعقد کریں گے۔دوسری جانب کافی ود کرن کی اگلی قسط میں دپیکا پڈوکون کے ہونے والے شوہر رنویر سنگھ بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کے ہمراہ جلوہ گر ہوں گے۔

تازہ ترین

اپنا تبصرہ چھوڑیں