پابندی بھی عاطف اسلم کوبالی ووڈ میں سروں کاجادوجگانے سے نہ روک سکی
atif aslam singer banned

پاکستانی فنکاروں پر بالی وڈ میں پابندی کے باوجود عاطف اسلم کی آواز کا جادو بھارتی فلم نگری میں سر چڑھ کر بولنے لگا۔

 گزشتہ دنوں سلمان خان کی جانب سے بالی وڈ فلموں سے ارجیت سنگھ کی آواز میں گیت نکال کر راحت فتح علی خان کی آواز شامل کرنے کے بعد بھارت کے چند گلوکاروں نے پاکستانی گلوکاروں پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔جس کے بعد بھارت کی سب سے بڑی فلم ایسوسی ایشن فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز نے پاکستانی اداکاروں اور ٹیکنیشنز کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی لیکن اس کے باوجود عاطف اسلم کی آواز میں گیت فلم ’داس دیو‘ میں شامل کیا گیا۔لیکن اب ایک اور بھاری بجٹ کی فلم ’باغی 2‘ میں عاطف اسلم کی آواز میں رومانوی گیت ’او ساتھی‘ شامل کیا ہے۔ ٹائیگر شروف اور ڈشا پٹانی پر فلمائے گئے اس گیت نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے اور یوٹیوب پر صرف چند گھنٹوں میں لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔  فلم میں ٹائیگر شروف اور ڈشا کی جوڑی تو کمال ہے ہی لیکن عاطف اسلم کی آواز نے اسے اور بھی خاص بنادیا ہے۔فلم ’باغی 2‘ میں عاطف اسلم کی آواز میں ایک نہیں 2 گیت شامل کیے گئے ہیں اور دونوں گیتوں کی موسیقی آرکو پارو مکھرجی نے ترتیب دی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس گیت کی تشہیر میں عاطف اسلم نے حصہ نہیں لیا اور نہ ہی اسے اپنے فیس بک یا ٹوئٹر پیج پر بھی شیئر کیا۔جب کہ میوزک رائٹس رکھنے والی بھارتی میوزک کمپنی ’ٹی سیریز‘ نے بھی گیت کی تشہیر میں عاطف اسلم کا نام شامل نہیں کیا جس پر مداحوں کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا ہے۔ فلمساز ساجد ناڈیاڈ والا کی فلم ’باغی 2‘ 30 مارچ کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس میں ٹائیگر شروف اور ان کی محبوبہ ڈشا پٹانی نے مرکزی کردار کیا ہے۔

تازہ ترین

اپنا تبصرہ چھوڑیں