جلد کے اندر کی طرف بڑھتے ناخنوں کے علاج کیلئے انتہائی آسان نسخہ
treatment nail amazing benefits

 اندر کی طرف بڑھے ہوئے ناخن کی تکلیف سے وہی شخص واقف ہو سکتا ہے جو اس اذیت کا شکار رہ چکا ہو۔ گوشت میں بڑھا ہوا ناخن چلنا پھر تو محال بناتا ہی ہے گویا زندگی کا سکون ہی غارت ہو جاتا ہے۔

جب ناخن گوشت میں بڑھنا شروع ہوتا ہے تو اس سے شدید تکلیف کے ساتھ ساتھ سوجن اور جلن بھی محسوس ہوتی ہے اور انگوٹھے کا وہ حصہ سرخی مائل ہو جاتا ہے۔ اس سے گوشت کے اس حصے میں زخم ہو جاتا ہے اور اس میں بیکٹیریا داخل ہو کر شدید قسم کی انفیکشن پیدا کر سکتے ہیں۔ اندر کی طرف ناخن کے بڑھنے کی کئی وجوہات ہوتی ہیں۔

بعض لوگوں میں یہ بیماری موروثی ہوتی ہے، بعض اوقات ٹھوکر لگنے کے باعث یا انگوٹھے پر کوئی چیز گرنے سے چوٹ لگ جاتی ہے، یہ چوٹ بھی ناخن کے اندر کی طرف بڑھنے کا ایک سبب ہوتی ہے۔ ناخن کا ٹھیک اور بروقت نہ تراشنا بھی اس کی ایک وجہ ہے۔ آئیے آپ کو ناخن گوشت میں بڑھنے کا علاج بتاتے ہیں، اس قدر گرم پانی لیں جس میں آپ 15سے 20منٹ تک پاﺅں ڈال سکیں، پانی کا درجہ حرارت کم از کم کمرے کے درجہ حرارت سے قدرے زیادہ ہونا ضروری ہے، پاﺅں گرم پانی میں رکھتے ہوئے نرمی سے انگوٹھے کے متاثرہ حصے کا مساج کریں۔اس کے بعد پاﺅں پانی سے نکال کر تولیے سے اچھی طرح صاف کریں اور پھرناخن کو سیدھا تراشیں۔ یاد رکھیں کہ ناخن کو گول کاٹنے سے اس کے اندر کی طرف بڑھنے کے چانس زیادہ ہو جاتے ہیں اس لیے ناخن کو ہمیشہ سیدھا کاٹیں۔ اس کے بعد نیل کٹر کے ساتھ لگے چاقو نما اوزار سے اندر کی طرف بڑھے ہوئے ناخن کو اوپر اٹھانے کی کوشش کریںاور زخم کی جگہ پر روئی ڈالیں، اس عمل کے دوران آپ کو محتاط ہونا پڑے گا ناخن کو زیادہ اوپر نہ اٹھائیں صرف اسی قدر اٹھائیں کہ تھوڑی سے روئی اندر جا سکے، ناخن کے نیچے روئی دینے کے بعد انگوٹھے پر پٹی باندھ دیں۔ روزانہ دن میں ایک دفعہ یہ عمل اس وقت تک دہراتے رہیں جب تک آپ کا ناخن درست نہیں ہو جاتا۔آپ زخم کواچھی طرح صاف کرنے کے لیے گرم پانی میں جلابی نمک یا صابن بھی ملا سکتے ہیں۔مستقبل میں ناخن کو اندر کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لیے ناخنوں کو ہمیشہ بروقت اور سیدھا تراشیں، جوتے ہمیشہ وہی پہنیں جو آپ کے بالکل سائز کے ہوں،یاد رکھیں تنگ جوتے پہننے سے بھی ناخن اندر کی طرف بڑھنا شروع ہو جاتا ہے اورجرابیں ہمیشہ صاف ستھری پہنیں۔

 

 

تازہ ترین

اپنا تبصرہ چھوڑیں